بنگلورو،2؍ جنوری(ایس او نیوز) انگلینڈ سے آنے والوں کاریاست میں اپناایک ایڈرس ہے،ہوائی اڈہ میں بھی برطانیہ سے آنے والوں کی جانچ کرنے کا موقع ہے توپھرحکومت نے ائرپورٹ پرہی ان کا ٹیسٹ کیوں نہیں کیا۔انتظامیہ میں حکومت کتنی ناکام ہے اس کے لیے یہی ایک مثال کافی ہے۔بی جے پی کی مرکزی اوریاستی حکومتوں کی لاپروائی اورناکارہ انتظامیہ کی وجہ سے ملک میں کوروناوائرس پھیلاہے۔اس قسم کا طنزیہ بیان کے پی سی سی کے صدرڈی کے شیوکمارنے دیاہے۔
بروزجمعہ سداشیوانگرمیں واقع اپنی رہائش گاہ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہاکہ ابتداء میں ہی اس وائرس پرقابوپالیاجاتاتوملک میں یہ حالت نہیں ہوتی۔ہماری ریاست سے دوسری ریاست کے کسی بھی شخص میں کوروناوائرس پھیلایانہیں۔بیرون علاقوں سے آنے والوں کی وجہ سے ہی ریاست میں کوروناپھیلاہے۔ ان تمام متاثرین کوپہلے ہی نشان زد کرتے ہوئے وائرس کوپھیلنے سے روکاجاسکتاتھا۔لیکن وزیراعلیٰ کے عہدہ پر رہنے والے بی ایس ایڈی یورپاایسا نہیں کیابلکہ وائرس کے دنوں میں ایڈی یورپا یہ کہتے دکھائی دئے کہ آئندہ دوبرسوں تک میں ہی وزیراعلیٰ رہوں گا۔ان کواقتدارپررہنے کی بات کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟
شیوکمارنے مزیدکہاکہ بی جے پی کے اراکین اسمبلی خودریاست میں بی جے پی قیادت کی تبدیلی کی باتیں کررہے ہیں۔وزیراعلیٰ خوداپنے آپ کوسرٹی فکیٹ دے رہے ہیں کہ وہی وزیراعلیٰ رہیں گے۔اس سے معلوم ہوتاہے کہ کہیں کوئی جھول ہے،جس کی وجہ سے ایڈی یورپا اپنی کرسی کے حوالے سے فکرمندنظرآرہے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ گرام پنچایت انتخابات کے نتائج آگئے ہیں، اس سے ہمیں راحت ملی ہے۔ اس الیکشن میں پانی کی طرح پیسہ بہانے کے باوجود دباؤ بھی تھالیکن ہماری پارٹی (کانگریس)کے ورکرس نے عمدہ کام کیاہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ رواں ماہ کی 5تاریخ سے 18تاریخ تک ریاست کے دورہ پرجارہاہوں۔بلاک صدورسے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کروں گا۔انہوں نے کہاکہ نیاسال 2021ء ہمارے لیے پارٹی تنظیم کاری کاسال ہے۔
ڈی کے شیوکمارنے مزیدکہاکہ میں یہ نہیں کہتاکہ اسکول بندکئے جائیں! اسکول کھلنا چاہیے مگرکووڈرہنماخطوط کی پابندی بھی لازمی طورپرکی جائے۔بچوں میں تعلیم کے تئیں جذبہ وجنون ہوتوتعلیم کا معیاربندہوجاتا ہے۔ تعلیم بچوں کی بنیادی ضرورت ہے اس لیے ہم اس کی مخالفت نہیں کرتے۔نیا سال شروع ہواہے حکومت کوچاہئے کہ وہ نئے عزم کے ساتھ سماج کے ہرطبقہ کی فلاح وبہبودی کے لیے کام کرے۔